Quantcast
Ads by Muslim Ad Network









al-Mursalat Farsi:: Ghodratollah Bakhtiari Nejad 

Ayat
77:1نرم و خوش گوار ہواؤں کی قَسم جو پے در پے چلتی ہیں،
77:2پھر تند و تیز ہواؤں کی قَسم جو شدید جھونکوں سے چلتی ہیں،
77:3اور ان کی قَسم جو بادلوں کو ہر طرف پھیلا دیتی ہیں،
77:4پھر ان کی قَسم جو (اُنہیں) پھاڑ کر جدا جدا کر دیتی ہیں،
77:5پھر ان کی قَسم جو نصیحت لانے والی ہیں،
77:6حجت تمام کرنے یا ڈرانے کے لئے،
77:7بیشک جو وعدۂ (قیامت) تم سے کیا جا رہا ہے وہ ضرور پورا ہو کر رہے گا،
77:8پھر جب ستاروں کی روشنی زائل کر دی جائے گی،
77:9اور جب آسمانی کائنات میں شگاف ہو جائیں گے،
77:10اور جب پہاڑ (ریزہ ریزہ کر کے) اُڑا دیے جائیں گے،
77:11اور جب پیغمبر وقتِ مقررہ پر (اپنی اپنی اُمتوں پر گواہی کے لئے) جمع کئے جائیں گے،
77:12بھلا کس دن کے لئے (ان سب اُمور کی) مدت مقرر کی گئی ہے،
77:13فیصلہ کے دن کے لئے،
77:14اور آپ کو کس نے بتایا کہ فیصلہ کا دن کیا ہے،
77:15اس دن جھٹلانے والوں کے لئے خرابی (و تباہی) ہے،
77:16کیا ہم نے اگلے (جھٹلانے والے) لوگوں کو ہلاک نہیں کر ڈالا تھا،
77:17پھر ہم بعد کے لوگوں کو بھی (ہلاکت میں) ان کے پیچھے چلائے دیتے ہیں،
77:18ہم مجرموں کے ساتھ اِسی طرح (کا معاملہ) کرتے ہیں،
77:19اُس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی خرابی ہے،
77:20کیا ہم نے تمہیں حقیر پانی (کی ایک بوند) سے پیدا نہیں کیا،
77:21پھر اس کو محفوظ جگہ (یعنی رحمِ مادر) میں رکھا،
77:22(وقت کے) ایک معیّن اندازے تک،
77:23پھر ہم نے (نطفہ سے تولّد تک تمام مراحل کے لئے) وقت کے اندازے مقرر کئے، پس (ہم) کیا ہی خوب اندازے مقرر کرنے والے ہیں،
77:24اُس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے،
77:25کیا ہم نے زمین کو سمیٹ لینے والی نہیں بنایا،
77:26(جو سمیٹتی ہے) زندوں کو (بھی) اور مُردوں کو (بھی)،
77:27ہم نے اس پر بلند و مضبوط پہاڑ رکھ دئیے اور ہم نے تمہیں (شیریں چشموں کے ذریعے) میٹھا پانی پلایا،
77:28اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی بربادی ہوگی،
77:29(اب) تم اس (عذاب) کی طرف چلو جسے تم جھٹلایا کرتے تھے،
77:30تم (دوزخ کے دھویں پر مبنی) اس سائے کی طرف چلو جس کے تین حصے ہیں،
77:31جو نہ (تو) ٹھنڈا سایہ ہے اور نہ ہی آگ کی تپش سے بچانے والا ہے،
77:32بیشک وہ (دوزخ) اونچے محل کی طرح (بڑے بڑے) شعلے اور چنگاریاں اڑاتی ہے،
77:33(یوں بھی لگتا ہے) گویا وہ (چنگاریاں) زرد رنگ والے اونٹ ہیں،
77:34اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے،
77:35یہ ایسا دن ہے کہ وہ (اس میں) بول بھی نہ سکیں گے،
77:36اور نہ ہی انہیں اجازت دی جائے گی کہ وہ معذرت کرسکیں،
77:37اُس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی ہلاکت ہے،
77:38یہ فیصلے کا دن ہے (جس میں) ہم تمہیں اور (سب) پہلے لوگوں کو جمع کریں گے،
77:39پھر اگر تمہارے پاس (عذاب سے بچنے کا) کوئی حیلہ (اور داؤ) ہے تو (وہ) داؤ مجھ پر چلا لو،
77:40اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑا افسوس ہے،
77:41بیشک پرہیزگار ٹھنڈے سایوں اور چشموں میں (عیش و راحت کے ساتھ) ہوں گے،
77:42اور پھل اور میوے جس کی بھی وہ خواہش کریں گے (ان کے لئے موجود ہوں گے)،
77:43(ان سے کہا جائے گا:) تم خوب مزے سے کھاؤ پیو اُن اَعمالِ (صالحہ) کے عوض جو تم کرتے رہے تھے،
77:44بے شک ہم اِسی طرح نیکو کاروں کو جزا دیا کرتے ہیں،
77:45اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی خرابی ہے،
77:46(اے حق کے منکرو!) تم تھوڑا عرصہ کھا لو اور فائدہ اٹھا لو، بے شک تم مجرم ہو،
77:47اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی خرابی ہے،
77:48اور جب ان سے کہا جاتا ہے کہ تم (اﷲ کے حضور) جھکو تو وہ نہیں جھکتے،
77:49اس دن جھٹلانے والوں کے لئے بڑی تباہی ہے،
77:50پھر وہ اِس (قرآن) کے بعد کس کلام پر ایمان لائیں گے؟،



Share this Surah Translation on Facebook...